5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی:کانسٹیبلز کی بھرتی،فزیکل فٹنسٹیسٹ کا سلسلہ جاری
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی پولیس میں کانسٹیبلز کی بھرتی کے لئے انٹری فارم جمع کروانے کے بعد فریکل فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، موجودہ دور حکومت میں کراچی پولیس میں تیسری مرتبہ بھرتیاں کی جارہی ہیں ۔ کانسٹیبل کی تین ہزار نوکریوں کے لئے درخواست فارمز جمع کرانے کا سلسلہ منگل،بدھ اور جمعرات کو جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا ہے جس کے بعد آج فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر ٹاؤن میں سینکڑوں افراد نے درخواست فارم جمع کرائے ہیں جن میں خواتین امیدوار بھی شامل ہیں ۔ پولیس میں بھرتی کے خواہش مند افراد کی عمر 18 سال سے 28 سال، اچھی جسامت اور میٹرک تک تعلیم لازمی ہے ۔امیدواروں کی فٹنس چیک کرنے کے لیے کراچی کے تین زون جنوبی ، شرقی اور غربی میں فزیکل ٹیسٹ بھی لئے جارہے ہیں ۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ بے روزگاری بہت زیادہ ہے اور پولیس میں ملازمت کا حصول ان کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا ۔کراچی پولیس میں کانسٹیبلز کی نوکریوں کے لئے کچھ ماہ پہلے بھی دو مرتبہ درخواست فارمز اور ٹیسٹ لئے گئے تھے جن کے نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا تھا لیکن کامیاب امیدوار آج بھی اپائنٹمنٹ لیٹرز کے منتظرہیں ۔