5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کوریا:شاہ حسین شاہ نے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا
جنگ نیوز -
چانگ جو…عرفان صدیقی/نمائندہ جنگ…پاکستان کے معروف عالمی شہرت یافتہ باکسر حسین شاہ کے بعد ان کے سترہ سالہ بیٹے شاہ حسین شاہ نے جوڈوکراٹے میں پاکستان کے لیئے کوریا میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر حسین شاہ نے جہاں اولمپک میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا وہیں اب ان کے سترہ سالہ بیٹے شاہ حسین شاہ نے کوریا کے شہر چانگ جو میں دس اور گیارہ جولائی ہونے ہونے والے جوڈو کراٹے کے عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔شاہ حسین ٹورنامنٹ میں تائیوان اورجرمنی کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچے تاہم وہ کوریا کے کھلاڑی سے شکست کھا گئے اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ واضح رہے کہ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شاہ حسین پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی تھے۔اس حوالے سے شاہ حسین کی والدہ اور حسین شاہ کی اہلیہ خدیجہ شاہ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ حسین ابھی صرف سترہ برس کے ہیں تاہم ٹوکیو سے ہی انھوں نے بلیک بیلٹ حاصل کی اور ٹوکیو کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ شاہ حسین کی والدہ نے کہا کہ ان کے بچوں کو بچپن سے ہی جوڈو کراٹے کا شوق تھا اور شاہ حسین چار سال کی عمر سے جوڈو کھیل رہے ہیں۔ اس موقع پر حسین شاہ نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو امید ہے کہ شاہ حسین مستقبل میں پاکستان کے لیئے گولڈ میڈل حاصل کریں گے۔