5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بھارتی وزیرخارجہ کی ایم کیو ایم اور اے این پی کے وفود سے ملاقاتیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے پاکستانی سیاست دانوں نے ملاقاتیں کی ہیں پہلی ملاقات ایم کیو ایم کے وفد نے کی، جس کے بعد انہوں نے اے این پی کے وفد سے ملاقات کی ، ملاقات کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بات چیت جاری رہنا مثبت ہے ایک ہی رات میں تبدیلی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔اسلام آباد میں ڈاکٹر فاروق ستار نے بابر غوری اور حیدرعباس رضوی کے ہمراہ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ، بھارتی سیکریٹری خارجہ نرپما راو اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، بعد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت مذاکرات اور دیرینہ مسائل کے حل پر گفتگو کی اور تجارت بڑھانے،ویزوں میں آسانی پیدا کرنے اور کراچی میں ویزا آفس قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے ڈیڈ لاک کے تاثر کو غلط اور وزرا خارجہ کی بات چیت کو سنگ میل قرار دیا ۔بھارتی وزیر خارجہ نے ایم کیو ایم کے وفد کو نئی دہلی کے دورے کی دعوت بھی دی، بعد میں اے این پی کا تین رکنی وفد ، ایس ایم کرشنا سے ملا جس میں حاجی عدیل، ہاشم بابر اور تاج الدین شامل تھے ۔