5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
یورپ کے لوگ سائیں ظہور کے فن سے نہایت متاثر ہوئے،گوندل
جنگ نیوز -
برلن…رضا چوہدری/نمائندہ جنگ…جرمنی کے علاقہ روہر میں دنیاکا سب سے بڑا ثقافتی میلہ ’روہر ٹرینالے‘منعقد ہوتا ہے جو تین سال تک جاری رہتا ہے ،2010میں اسلامی ثقافت اس میلے کا فوکس ہے۔ اس میلے میں کئی میوزک شوز، نمائشیں ، ڈرامے اور تھیٹر پیش کئے جاتے ہیں ۔ اس سال اس کے افتتاح کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا ہے اور پاکستانی فنکار ’صوفیانہ کلام اور قوالی‘ کے عنوان سے ہونے والے میوزک شو سے سینچری آف سانگ سیریز کا افتتاح کریں گے۔اس شو کا اہتمام روہر ٹرینالے نے پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے تعاون سے کیا ہے۔ستائیس اگست کو شام آٹھ بجے جرمنی کے شہر بوخم میں قوالی کے شہنشاہ استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین اور عالمی شہرت یافتہ قوال رضوان و معظم علی خان قوال، شہرت یا فتہ لوک فنکار سائیں ظہور اک تارا کے ساتھ جبکہ پپوسائیں روائتی ڈھول پر اپنی مخصوص تھاپ سے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے صدر شاہد ریاض گوندل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کا دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کا افتتاح کرنا پاکستان ، اس کی صدیوں پرانی ثقافت اور قدیم ورثہ یعنی ’صوفیانہ موسیقی‘ بیرون و اندرونِ مقیم ملک پاکستانیوں کے لے اعزاز ہے۔ شاہد گوندل نے کہا کہ یورپ کے موسیقی شناس لوگ سائیں ظہور کے فن ، ان کی آوازکے کھرے پن، صوفیانہ گہرائی ، لوک ترنم اور پرفارمنس سے بڑے متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا نہ صر ف جرمنی میں بسنے والے بلکہ یورپ بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کوچاہیے کہ وہ اس شو میں بھر پور شرکت کرتے ہوئے اپنی ثقافت اور موسیقی سے لگاؤ کااظہار کر یں۔