5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لاکربی بم دھماکے کے ملزم کی رہائی کی تحقیقات کیلئے پینل قائم
جنگ نیوز -
واشنگٹن…جنگ نیوز…لاکربی دھماکے کے ملزم کی رہائی کی تحقیقات کے لیے امریکی سینٹرز پر مشتمل پینل قائم کردیا گیا جبکہ برطانیہ نے کہا ہے کہ لاکربی دھماکے کے ملزم کی رہائی اسکاٹ لینڈ کی غلطی تھی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے بتایا کہ29جولائی کو لاکربی دھماکے کے ملزم کی رہائی کے معاملے پر تحقیقاتی پینل سماعت کرے گا جس کی سربراہی جان کیری کرینگے۔سینیٹر جان کیری نے کہا ہے کہ دھماکے کے واحد ملزم کی برطانوی عدالت سے رہائی کے معاملے کی تہہ تک جائیں گے، پینل ملزم کی رہائی کے سلسلے میں برٹش پٹرولیم کے مبینہ کردار کا جائزہ لے گا۔ تحقیقات میں اسکاٹ لینڈ حکام اور برٹش پٹرولیم سے باز پرس کی جائے گی۔ دریں اثناء امریکا میں برطانوی سفیر نائجل شینوالڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئی برطانوی حکومت اس معاملے میں بالکل کلیئر ہے، لاکربی بم دھماکے کے ملزم عبدالباسط علی محمیت کی رہائی ایک بڑی غلطی تھی ۔