5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
طویل فاصلے تک بمباری کرنیوالے بمبار اور ڈرون اسرائیلی فضائیہ میں شامل
جنگ نیوز -
لندن…جنگ نیوز…برطانیہ کے ایک تحقیقاتی ادارے آکسفورڈ ریسرچ گروپ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل نے طویل فاصلے تک بمباری کرنے والے بمبار اور ڈرون طیارے کو اپنی فضائیہ میں شامل کر لیا ہے جس سے اسے ایران پر حملہ کرنے کی بھرپور صلاحیت حاصل ہو گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں تحقیقاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو خطے میں ایک لمبی جنگ شروع ہو سکتی ہے اور پھر ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ممکن نہیں رہے گا۔لندن میں قائم یہ ریسرچ گروپ عالمی تنازعات کا سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے کوششیں کرتا ہے۔بریڈ فورڈ یونیورسٹی میں پیس اسٹڈی کے پروفیسر پال راجرز کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی فوجی کارروائی کا امکان نہیں ہے لیکن اسرائیل نے اس سلسلے میں فوجی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔اسرائیل نے ہمیشہ کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے ہر ممکنہ طریقہ زیر غور ہے۔