5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امریکی سینیٹ نے صدر اوباما کے مالیاتی اصلاحات بل کی حتمی منظوری دیدی
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز…امریکی سینیٹ نے صدر اوباما کے مالیاتی اصلاحات بل کی39 کے مقابلے میں 60ووٹ سے حتمی منظوری دے دی ہے۔ یہ بل وال اسٹریٹ اور بینکاری نظام میں قواعد و ضوابط کے اصلاحات سے متعلق ہے۔2008 کے مالیاتی بحران کی بڑی وجہ بینکاری کے شعبے میں ناکافی قواعد اور بینکوس کے غیر مناسب قرضے اور منصوبے تھے۔ ان مالیاتی اصلاحات کا مقصد بینکوں کی خطرناک کارروائیوں کو محدود کرنا ہے تاکہ دو برس پہلے جیسا مالیاتی بحران دوبارہ نہ پیش آسکے۔نئے قانون کے تحت امریکا میں بینک کے قرضوں کی نگرانی کے لیے ایک نیا وفاقی ادارہ قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر پیچیدہ سرمایہ کاری کے طریقوں کے لیے واضح قواعد بنائے گئے ہیں۔ اس قانون میں صارفین کے تحفظ کو بہت اہمیت دی گئی ہے اور صارفین کے حقوق کا نگراں ادارہ کریڈٹ کارڈ کمپنیوں اور قرض دینے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کر سکے گی۔اس قانون کے تحت بڑے بینکوں کو قرضوں کی سکیورٹی میں رکھی گئی رقم میں ہر پانچ سال کے بعد اضافہ کرنا ہوگا تاکہ یہ قرضے خراب یا کھوکلے نہ ہو جائیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری صدر اوباما کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔