تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں، ایس ایم کرشنا، شہبازشریف سے ملاقات

جنگ نیوز -
اسلام آباد…بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی کوشش ہے کہ مذاکرات کے عمل کو جاری رکھا جائے اور یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ ملاقات میں ایس ایم کرشنا کی معاونت سیکرٹری خارجہ نروپما راؤ اور ہائی کمشنر شرت سبر وال نے کی جبکہ شہباز شریف کے ساتھ سینیٹر پرویز رشید، احسن اقبال اور سردار ذو الفقار کھوسہ موجود تھے۔ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کو جاری رہنا چاہیے اور اسی لیے انہوں نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو دورہ بھارت کی دعوت دی ہے۔ایس ایم کرشنا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے دہشت گردی کے حوالے سے تحفظات ہیں اور اس مسئلے کے حل کیلئے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر کسی بھی تنازع کی صورت میں سندھ طاس معاہدے میں مکمل میکانزم موجود ہے اور تحفظات کو دور کرنے کے لیے اس میں درج پلیٹ فارمز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے بھارتی وزیر خارجہ پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو پر امن طریقے سے بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور پاک بھارت عوام کی خوشحالی تنازعات کے حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔شہباز شریف نے پانی کے مسئلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے ایس ایم کرشنا کے شعری مجموعے اور آئی ٹی میں ان کی خدمات کو سراہا تو بھارتی وزیر خارجہ نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ایس ایم کرشنا نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی نیوز کانفرنس بھی پنجاب ہاؤس میں جیو نیوز پر سنی تاہم انہوں نے اس پر براہ راست کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.