5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مذاکرات کے دوران نئی دہلی کوئی فون نہیں کیا، بھارتی وزیرخارجہ
جنگ نیوز -
نئی دہلی… بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کے دوران نئی دہلی کوئی فون نہیں اور نہ ہی انہیں اضافی ہدایت لینے کی ضرورت تھی۔ دوروزہ دورہ پاکستان کے بعد نئی دہلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات خوشگوار رہی،دورہ پاکستان میں دو روز تک گرم جوشی کے ساتھ ہماری مہمان نوازی کی گئی،دوستانہ ماحول میں ہر معاملے پر بات کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ، اے این پی اور ایم کیو ایم سے پارلیمانی وفود کے تبادلے پر بات ہوئی،پاکستانی وزیر خارجہ سے مذاکرات میں تمام امور زیر غور آئے۔بات چیت شیڈول سے زیادہ وقت جاری رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ممبئی حملوں کے ملزمان کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا ہے،تاہم تحقیقات سے متعلق کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جاسکتی۔بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو، اس دورے سے اعتماد کے فقدان کو کم کرنے میں مدد ملی، اب شاہ محمود قریشی کے دورہ بھارت کا منتظر ہوں۔