5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جھوٹ کا سہارا لینے والے عوام کی خدمت کے قابل نہیں ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ڈگری کی شرط آمر نے لگائی تھی اور لوگوں کو چاہیے تھا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کر دیتے نہ کہ جھوٹ کاسہارا لیتے،ان کا کہناتھا کہ جھوٹ کا سہارا لینے والے عوام کی خدمت کے قابل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد پر حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب صحافیوں سے معافی مانگیں۔انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے نئے میڈیا سیل کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کے ذریعے اسمبلی میں پہنچنے والوں نے ملک و قوم کو کیا پیغام دیا ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے جھوٹ کا سہارا لینے والے ملک اور عوام کی خدمت کرنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاست دان ٹاک شوزمیں کہتے ہیں کہ عوام جعلی ڈگریوں کے اصول کو نہیں مانتی۔الطاف حسین نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے خلاف پیش ہونے والی قرارداد کی بھرپور مذمت کی اور پیش کی جانے والی قرارداد پر حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب صحافیوں سے معافی مانگیں کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست دان عجیب باتیں کر کے قوم کو کیوں بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی کے باوجود بھی پاک بھارت مذکرات کا خیر مقدم کرتا ہوں۔