5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
چیئرمین ایچ ای سی پر دباؤ، وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاویدلغاری نے ارکان پارلے منٹ کی ڈگریوں کے معاملے پربات چیت کے لئے وزیراعظم سے ملاقات کاوقت مانگ لیاہے۔ذرائع کے مطابق جاویدلغاری کوپیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے دباوکاسامناہے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے اہم وفاقی وزیرنے چیئرمین ہائئرایجوکیشن کمیشن کوڈگریوں کی تصدیق کامعاملہ دبانے کاکہاتھا۔اس کے علاوہ وفاق کی ایک اورشخصیت کی جانب سے بھی جاویدلغاری پر ڈگریوں کے معاملے کو ایک سال طول دینے کے لئے دباوڈالاجارہاہے۔ذرائع کے مطابق جب چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن نے اہم شخصیات کی بات ماننے سے انکارکیاتوان کے بھائی کوگرفتارکرکے دباوڈالنے کی کوشش کی گئی ۔ذرائع نے بتایاکہ ڈگریوں کامعاملہ دبانے کی یہ کوششیں صدرزرداری کی انتہائی قریبی شخصیت کی قومی اسمبلی کی رکنیت بچانے کے لئے کی جارہی ہیں۔صدرزرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عمر پچاس سال ہے تاہم ان کے تعلیمی کوائف کے مطابق انہوں نے2006میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ ہائیرایجوکیشن کمیشن نے ضروری جانچ پڑتال کے بعدان کی ڈگری کوبھی مشکوک قراردیاہے۔دوسری جانب چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن نے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے ڈگریوں کے معاملے پربات چیت کے لئے ملاقات کاوقت مانگاہے۔ذرائع کے مطابق جاویدلغاری وزیراعظم کوڈگریوں کی تصدیق کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔اس کے علاوہ چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن مبینہ انتقامی کارروائی کے تحت ان کے بھائی کی گرفتاری کامعاملہ بھی اٹھاسکتے ہیں ۔ہائیرایجوکیشن اب تک 37ڈگریوں کوجعلی قراردے چکاہے جبکہ183کی تصدیق کی گئی ہے۔30ارکان پارلے منٹ کی ڈگریوں کے کیس عدالتوں میں ہیں اور516 کی ڈگریوں کی تصدیق کاعمل جاری ہے۔