5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بھارتی وزیر خارجہ کی شہبازشریف اور ایم کیوایم ،اے این پی کے وفود سے ملاقات
جنگ نیوز -
لاہور…بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ایم کیو ایم اوراے این پی کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں ، ان کاکہناہے کہ بھارت کی کوشش ہے کہ مذاکرات کے عمل کو جاری رکھا جائے اور یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔بھارتی وزیرخارجہ ، پنجاب ہاوس اسلام آبادمیں شہبازشریف سے ملے، ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے پانی کے مسئلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا خیال رکھنے پر زور دیاجبکہ بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے، دہشت گردی سے متعلق تحفظات ہیں اوراس مسئلے کومل کرحل کرنے کے لئے بھی تیارہیں۔ پانی کے معاملے پر کسی بھی تنازعہ کی صورت میں سندھ طاس معاہدے میں مکمل میکانزم موجود ہے۔ ایم کیو ایم کے رہ نما ڈاکٹر فاروق ستار نے بابر غوری اور حیدرعباس رضوی کے ہمراہ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگومیں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بات چیت جاری رہنا مثبت عمل ہے، ایک رات میں تبدیلی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت بڑھانے،ویزوں میں آسانی پیدا کرنے اور کراچی میں بھارت کاویزاآفس قائم کرنے پر زور دیا ۔ اے این پی کا تین رکنی وفد حاجی عدیل کی سربراہی میں ایس ایم کرشنا سے ملا،اس موقع پرتجارت کے فروغ ، تعلیم،پاک افغان اور پاک بھارت تعلقات، دہشت گردی سمیت اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔