5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی: بن قاسم ٹاؤن میں لینڈ مافیا کیخلاف آپریشن، خواتین کی مزاحمت
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن کی حدود میں واقع سمار گوٹھ میں پولیس کا بھاری نفری کے ہمراہ لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے،جبکہ علاقے میں موجود خواتین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں قابض لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔اس ہی قسم کی ایک کارروائی آج بن قاسم ٹاؤن کے علاقے میں واقع سمار گوٹھ میں بھی کی جارہی ہے، آپریشن کے خلاف سمار گوٹھ کے رہائشیوں کی جانب سے احتجاج،پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے بعد آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی جانب سے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کئے گئے ہیں۔علاقہ مکینوں اور خصوصاً مشتعل خواتین کی جانب سے پولیس اہلکاروں اورمیڈیا کے نمائندوں پر تشدد بھی کیا گیا ہے۔لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران مظاہرین کی جانب سے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔