5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مڈٹرم الیکشن نہیں، نااہلی پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے، وزیراعظم
جنگ نیوز -
قصور…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات نہیں کرائے جائیں گے ۔ جہاں ارکان پارلے منٹ نااہل ہوں گے وہاں ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے اور کرائے جارہے ہیں ۔ قصور کے علاقے ہیڈ بلوکی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے مطابق چل رہی ہے اور پانچ سال مکمل کرے گی جعلی ڈگریوں کا مسئلہ معاشرے کے نقائص کی عکاسی کرتا ہے ، سیاست دان بھی معاشرے کا حصہ ہیں ، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ صرف سیاست دان ہی ہیں ۔ کچھ لوگ پہلے سروس میں رہے ہیں آج سیاست میں ہیں ۔ تاہم وزیر اعظم نے واضح کیا کہ وہ الزام تراشی نہیں کرنا چاہتے اور نہ کسی کا دفاع کررہے ہیں ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے ان کے بہت اچھے تعلقات ہیں جن کے بارے میں چیف جسٹس سے پوچھا جاسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے اور وہ انتقامی سیاست نہیں کرنا چاہتے ۔ انہیں ٹیلی ویژن سے پتہ چلا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر جاوید لغاری اُن سے ملنا چاہتے ہیں اور وہ بہت جلد جاوید لغاری کو مدعو کریں گے ۔ وزیر تعلیم سے کہا گیا ہے کہ ڈگریوں کے مسئلے کو جلد حل ہونا چاہئے ۔ کوئٹہ میں سابق سینیٹر حبیب جالب کے قتل سے متعلق سوال پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال صوبائی معاملہ ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائیں اور اس میں جو بھی ہاتھ ملوث ہیں وہ سامنے آنے چاہئیں ۔ پنجاب میں دہشت گردی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پورے ملک میں ہورہی ہے اور پنجاب بھی ملک کا حصہ ہے ۔ دہشت گرد جہاں بھی ہوگا وہ دہشت گرد ہے ۔اس سے مذاکرا ت نہیں ہوسکتے ۔ دہشت گردی کے بارے میں حکومت کی پالیسی پورے ملک میں یکساں ہوگی ۔