5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امریکا کااسرائیل کو تاریخ کی سب سے بڑی فوجی امداد کی فراہمی کا وعدہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن…جنگ نیوز…امریکی وزیرخارجہ کے خصوصی معاون برائے سیاسی وعسکری امور انڈریو شاپیرو نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے اسرائیل کو تاریخ کی سب سے بڑی فوجی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔اس سلسلے میں دس سال کے عرصے میں اسرائیل کو 30ارب ڈالر کا فوجی سامان فراہم کیا جائے گا، جبکہ مقامی فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے خلاف اسرائیل کے راکٹ شکن نظام کی تیاری اور غزہ نواح میں قائم یہودی بستیوں کے تحفظ کے لیے اڑھائی ملین ڈالر کی رقم الگ سے دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن تل ابیب کی فوجی سامان کی فراہمی کے ساتھ فنی معاونت بھی جاری رکھے گا۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق واشنگٹن میں ایک ریسرچ سینٹرمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، کیونکہ امریکا کی قومی سلامتی اسرائیل کی سلامتی سے وابستہ ہے۔واضح رہے کہ امریکی اہلکار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جارج مچل فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی کوششیں کر رہے ہیں۔