5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 43ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا، وزیر خارجہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان نے کہا ہے کہ خراب معاشی حالات اور شدید مشکلات کے باوجود دہشت گردی کے خلاف اس کا عزم کمزور نہیں ہوا ، وہ دہشت گردی واقعات اور اس کیخلاف آپریشنز میں ڈھائی ہزار سے زائد اہلکاروں سمیت ساڑھے پانچ ہزار جانوں کی قربانی دے چکا ہے ،اب دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر پاکستان کو امداد اور تعاون دے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں فرینڈز آف پاکستان ممالک کے اعلیٰ حکام کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے عوام نے مشکلات کے باوجود دہشت گردی کے خلاف ناقابل شکست عزم دکھایا ہے اور پاکستان کو اس جنگ میں عالمی برادری کا تعاون بھی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں11ستمبر واقعات کے بعد پاکستان میں خودکش دھماکوں کے247 واقعات ہوچکے ہیں جن میں میں3 ہزار سے زائد سویلین جاں بحق اور 7 ہزار سے زائد زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز میں25سو50اہل کار شہید ہوئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو43 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔ دہشت گردی کی برائی نے مساجد ، مذہبی مقامات اور مزار کو بھی نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی و شدت پسندی کے گھمبیر مسئلہ سے خراب معاشی حالات میں نمٹا نہیں جاسکتا۔فرینڈز آف پاکستان کی ٹوکیوکانفرنس میں اعلان کردہ رقوم اور منصوبوں کی فراہمی پر جلد عمل ہونا چاہئے ، ترقیاتی پروگرام اور تخفیف غربت منصوبوں کو جاری رکھنے کیلئے پاکستان کو بجٹ میں سپورٹ درکار ہے، یہاں سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی برآمدات کو عالمی منڈی میں زیادہ رسائی کی ضرورت ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی بے پناہ صلاحیت ہے، یہاں600 غیرملکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ فرینڈز آف پاکستان کے وزرا کی تیسری کانفرنس15 اکتوبر کو برسلز میں ہوگی اور اس کا انتظام کرنے پر پاکستان ، یورپ کا شکرگزار ہے۔