5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی:بن قاسم ٹاؤن میں لینڈ مافیا کیخلاف کامیاب آپریشن، تجاوزات مسمار
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں سومار گوٹھ میں لینڈ مافیا کے خلاف پولیس اور انسداد تجاوزات سیل کا آپریشن کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا۔پولیس نے دو خواتین سمیت ایک درجن افراد کو حراست میں لے لیا۔بن قاسم ٹاؤن کے علاقے سومار گوٹھ میں ستائیس ایکڑ اراضی کو خالی کرانے کیلئے محکمہ لینڈوریونیو، پولیس اور انسداد تجاوزات سیل نے بھاری مشینری کے ساتھ کارروا ئی شروع کی تو وہاں مقیم لوگوں نے ان پر پتھراؤ کیا، جس میں میڈیا اور پولیس کے بعض اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور فائرنگ کی اور دوخواتین سمت ایک درجن افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس اور انسداد تجاوزات سیل کی کارروائی3گھنٹے تک جاری رہی اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد آپریشن کو ختم کردیا گیا،جبکہ متاثرہ افراد اور خواتین نے آپریشن کے خلاف نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے دیا اور پولیس کیخلاف نعرے لگائے۔ دھرنے کے باعث آنے جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل ہوگیا اورمظاہرین نے پولیس اہلکاروں اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ۔نیشنل ہائی وئے سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ اورہوائی فائرنگ کی گئی تاہم صورتحال کشیدہ ہوجانے کے باعث پولیس کی مزید نفری اور رینجرزکی نفری کو بھی طلب کرلیا ۔رینجرز نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا اور نیشنل ہائی وئے پر معطل ٹریفک کو دو گھنٹے بعد بحال کرادیا۔