5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
آزاد کشمیر:کیٹرنگ کیلئے جانے والوں کو قید کرکے تشدد کاانکشاف
جنگ نیوز -
میرپور…کیٹرنگ کے کام کے غرض سے لاہور سے آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال جانیوالے افراد کو قید کرنے اور جبری مشقت کے ساتھ ساتھ تشدد کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔پولیس نے چھاپہ مار کر ٹھیکیدار کو گرفتار کر کے ایک شخص کو بازیاب کرالیا۔بازیاب ہونیوالے شخص محمد شہزاد کے مطابق ڈڈیال میں محمد زاہد نامی شخص کیٹرنگ کا کام کرتاہے اور اس نے لاہور سے اس سمیت پانچ افراد کوکیٹرنگ کے کام کیلئے میرپور آزاد کشمیر کی تحصیل ڈڈیال بلایا ۔ وہاں پہنچنے کے بعد ان سے چار دن تک مزدوری کرائی گئی اور جب معاوضے کا تقاضا کیا گیا تو ٹھیکیدار زاہد نے معاوضہ دینے کے بجائے انہیں ایک خفیہ مقام پر منتقل کردیا۔ جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور جبری مشقت کرائی گئی۔ ایک اطلاع پر میرپورپولیس نے ڈڈیال کے گاؤں آڑہ میں منعقدہ تقریب میں چھاپہ مارا اور ٹھیکیدار زاہد کو گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے مغوی محمد شہزاد کو بازیاب کرالیا ، جبکہ باقی چار افراد منیر ، ظہور، مرتضیٰ اور محمد علی کی بازیابی کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔