5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شب برات کی آمد :کراچی میں آتش بازی کے سامان کی فروخت شروع
جنگ نیوز -
کراچی …شب برات کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں آتش بازی کے سامان کی فروخت شروع ہوگئی ہے ۔شہر کی فضاؤں میں دھماکوں کی آوازیں گونجنا شروع ہوگئی ہیں۔شعبان کا چاند نظر آتے ہی شہر میں آتش بازی کے سامان کی فروخت شروع ہوچکی ہے تو دوسری طرف پولیس نے اسے روکنے کے لیے شہر میں کریک ڈاؤن بھی شروع کررکھا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی کارروائی کچھ قبل اورنگی ٹاؤن میں اس وقت کی گئی جب پولیس ایک زور دار دھماکے کی آواز سن کر ایک مکان پر پہنچی جہاں آتش بازی کا سامان رکھا گیا تھا مکان سے 50کلو گرام آتش گیر مادہ اوربلیک پاؤڈر برآمد ہوا۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں اس سلسلے میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور اورنگی ٹاؤن کی ایک مارکیٹ پر چھاپے کے دوران بھی آتش بازی کے سامان کی تیاری میں استعمال ہونے والا آتش گیر مادہ بڑی مقدار میں برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے موقع سے چار افراد کو گرفتار بھی کیا لیکن اس کے خلاف تھانے کا گھیراؤ کرلیا گیا ۔ایک طرف پولیس کا شہر میں نام نہاد کریک ڈاؤن جاری ہے تو دوسری طرف کمزور استغاثہ کی وجہ سے گذشتہ دنوں پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران پکڑے گئے تمام6افراد کو نہایت معمولی زر ضمانت پر رہائی مل چکی ہے اور وہ شہر میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنے کے لیے ایک دفعہ پھر آزاد ہیں۔