5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
راجن پور کی سرکاری اراضی زرعی گریجویٹس کو دوں گا، شہبازشریف
جنگ نیوز -
راجن پور کی سرکاری اراضی زرعی گریجویٹس کو دوں گا، شہبازشریف
راجن پور…وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی پر مافیہ کا قبضہ ختم کراکے زمین فوری طور پر زرعی گریجویٹس میں تقسیم کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی صدرات میں راجن پور ڈی سی او آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری ،سردار ذوالفقار کھوسہ، آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر اور ہوم سیکریٹری پنجاب آصف حسن ندیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سستی روٹی اسکیم ان کی پہچان ہے، رواں سال اس اسکیم پرمزید5 ارب روپے خرچ کیئے جائیں گے۔میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مزید چار اضلاع راجن پور ،لودھراں ،اٹک اور روجھان میں دانش اسکول قائم کیئے جائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے80 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ جیل کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے دریائی علاقوں میں روپوش جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے گوٹھ مٹھن اور روجھان میں گرلز ڈگری کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔