5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
اسلام آباد:مالکان کا10سالہ گھریلوملازم پر بدترین تشدد
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں دس سالہ گھریلو ملازم پر مالکان نے بدترین تشدد کرکے اس کا جسم کئی جگہ سے جلا دیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شمس کالونی کے ایک فلیٹ میں نوعمر گھریلو ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پولیس نے وہاں چھاپہ مارا تو بچے کو رسیوں سے باندھ کررکھا گیا تھا،دس سالہ ندیم کے بازو،کمر اور جسم کے نازک حصوں پر جلنے کے نشانات تھے۔ پولیس نے گھر کے مالک اطہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ بچے کے مطابق وہ اس گھر میں دو سال سے کام کررہا تھا اور پہلے بھی اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا ۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ متاثرہ بچے کا کہنا ہے کہ اس نے چوری نہیں کی لیکن اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔