5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
انفرا اسٹرکچر کیلئے فوری طور پر25سے30 ارب ڈالر درکار ہیں،شمشاد اختر
جنگ نیوز -
کراچی…گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کوانفرا اسٹرکچراورپروجیکٹ فنانسنگ کیلئے فوری طور پر25سے30 ارب ڈالر درکار ہیں۔ کراچی میں برطانوی بینک بارکلیز کی برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر شمشادا ختر نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بہت گنجائش موجود ہے اور بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر کے لئے150ارب ڈالر کی خطیر رقم درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک پر مالیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زیادہ اہمیت دینے پرتنقید کی جاتی ہے مگربڑے غیر ملکی بینکوں کی پاکستان آمد سے فنانسنگ کی ضروریات پوری ہونے میں مددملے گی ۔ شمشاد اختر کے مطابق پاکستان میں400 ارب روپے سالانہ کے قرضے نجی شعبے کو دیئے جاتے ہیں اس کے باوجود قرضوں کا جی ڈی پی میں حصہ 27 فیصد ہے جبکہ جنوب مشرقی ایشیا میں یہ100 فی صد سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مالیاتی بحران اور بڑھتے ہوئے افراط زر کے علاوہ مقامی حالات کی وجہ سے پاکستانی معیشت مشکلات کا شکار ہے ۔