5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سہولیات کی عدم فراہمی پر لاڑکانہ قمبر روڈ بلاک کر دی گئی
جنگ نیوز -
لاڑکانہ . . . لاڑکانہ پولیس ٹرینگ سینٹر میں قائم سیلاب متاثرین امدادی کیمپ میں سہولیات کی عدم فراہمی پر متاثرین نے لاڑکانہ قمبر روڈ بلاک کر دی۔شہداد کوٹ، جیکب آباد، ڈیرہ اللہ یار اور اوستا محمد سے آئے ہوئے متاثرین نے امدادی کیمپ میں سہولیات کی عدم فراہمی پر لاڑکانہ قمبر روڈ بند کر دی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کو بنیادی اشیا فراہم کی جائیں۔ متاثرین نے کہا کہ پولیس ٹرینگ سینٹر میں قائم امدادی کیمپ میں انھیں کھانے اور پینے کے پانی کی فراہمی بہت کم ہے اور اس کا معیار بھی اچھا نہیں ہے، بچوں اور بزرگوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں کیمپ میں دونوں وقت صرف چاول فراہم کئے جا رہے ہیں جس کے وہ عادی نہیں ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ان کیمپس میں سب متاثرین کو خیمہ نہیں مل پائے ہیں جس کی وجہ سے کچھ متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں جس کے باعث ان کا سامان بھی خراب ہو رہا ہے۔ متاثرین نے مطالبہ کیا کہ کیمپس میں بیت الخلا بنائے جائیں خصوصا خواتین کے لئے علیحدہ بیت الخلا کا انتظام ضرور کیا جائے۔