5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاک فوج کا سجاول اورشہداد کوٹ میں ریسکیوآپریشن،متاثرین کی منتقلی
جنگ نیوز -
ٹھٹھہ…پاک فوج کا سجاول اورشہداد کوٹ میں ریسکیوآپریشن جاری ہے ، متاثرین کو ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ علاقوں میں منتقل کیاجارہاہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے علاقے گڑھی خیرو میں5دن سے پانی میں گھرے26افراد پر مشتمل خاندان کو بچانے کیلئے خصوصی آپریشن کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ آرمی انجینئرز نے جام پور روجھان پر بند کومضبوط بنا دیا ہے جبکہ بہد اور سانواں کے درمیان ریلوے ٹریک بحال کردیاگیاہے۔ترجمان کے مطابق آسٹریلوی میڈیکل ٹیم کی مدد سے کوٹ ادو میں فیلڈ اسپتال قائم کیاگیاہے جبکہ مظفرگڑھ میں اردن سے آئے9 ڈاکٹرز نے آرمی فیلڈاسپتال میں فرائض سر انجام دینا شروع کر دیے ہیں ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جہلم سے سوات کے سیلاب متاثرین کے لیے19 ٹرک راشن اور امدادی سامان جبکہ راولپنڈی سے کوہستان اور ملحقہ علاقوں میں40ہزار کلوگرام امدادی سامان بھجوایاگیاہے۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے سول ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے سوات میں آرمی فیلڈ اسپتال میں خدمات پیش کردی ہیں۔آرمی ایوی ایشن نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے چلاس،گلگت اور اسکردو کے سیلاب متاثرین کے لیے45ٹن راشن بٹ کندی پہنچا دیاجہاں سے یہ متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔