5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کراچی: رضا حیدرقتل کیس: ملزمان تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے
جنگ نیوز -
کراچی …انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے نگراں جج جسٹس مقبول باقر نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اسمبلی رضا حیدر اور ڈی ایس پی نواز رانجھا کے قتل کے مقدمات میں ملزمان کوتفتیش کیلئے پولیس کی تحویل میں دیدیا۔رضا حیدر کو2 اگست کو ناظم آباد میں جبکہ ڈی ایس پی نواز رانجھا کو16 اگست کو ایم اے جناح روڈ پر ریڈیو پاکستان کے سامنے ہدف بناکرقتل کیا گیا تھا۔ ملزمان کو بکتر بند گاڑیوں میں ہائی کورٹ لایا گیا اور جسٹس مقبول باقر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے رضا حیدر قتل کیس میں ملزمان وسیم بارودی، عبداللہ عرف تیمور اور اخلاق پرویز کو11 ستمبر تک تھانہ ناظم آباد پولیس کی تحویل میں دیدیا جبکہ نواز رانجھا قتل کیس میں سید ابو عرفان عرفی کو پیش کیا گیااور ریمانڈ کی درخواست میں چھ ملزمان فیصل، نعمان، دانش، شفیق، رافع اور اشتیاق کو مفرور ظاہر کیا گیا۔ عدالت نے گرفتارملزم ابو عرفان کو8 ستمبر تک تھانہ پریڈی پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے تفتیشی افسران کوآئندہ سماعت پر دونوں مقدمات کے چالان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔