5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پہلی گھڑ سوار سعودی خاتون اولمپک میڈل حاصل کرنے میں کامیاب
جنگ نیوز -
ریاض…سینٹرل مانیٹرنگ…سعودی عرب کی پہلی گھڑ سوار دوشیزہ دالما رشدی مالہاس نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کی اولمپک ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے گھڑ سواری میں اولمپک میڈل حاصل کیا ہے۔اس سے قبل وہ سنگاپور میں منعقدہ گھڑ دوڑ کے انفرادی مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کرچکی ہیں۔18سالہ Dalma پہلی سعودی کھلاڑی ہیں جو اب تک اولمپک گیمز کے سلسلے میں منعقد ہونے والے گھڑ دوڑ کے مقابلے میں شریک ہوئی ہیں۔دبئی میں ہونے والے اس گھڑ دوڑ کے مقابلے کے اختتام پر دبئی کے حاکم شیخ محمد المکتوم کی اہلیہ ھیا بن الحسن نے جو شہسواری کی عالمی فیڈریشن کی چیئرپرسن بھی ہیں کام یاب قرار پانے والی ٹیموں میں میڈل تقسیم کیے۔ایشیائی ،کویتی اولمپک کونسل کے ڈائریکٹر جنرل حسن مسلم نے Dalma کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو انہیں اولمپک کونسل کی حیثیت سے شہسواری کے مقابلے میں شمولیت پر خوشی ہے اور دوسری خوشی اس کامیابی پر ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی رواں سال نومبر میں چین کے شہر گوانگ ژاہو میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اولمپک مقابلوں میں ایشیائی کھلاڑی اہم کردار ادا کریں گے۔چین میں اولمپک کھیلوں کے مقابلے 12سے 27اکتوبر کے درمیان منعقد ہوں گے۔ان مقابلوں میں پہلی مرتبہ جنوبی ایشیا کی قومی کرکٹ ٹیموں اور خواتین باکسرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔