5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
علمائے ،اساتذہ اور جاپانی سفارتکاروں کا دورہ خدمت خلق فاؤنڈیشن
جنگ نیوز -
سکراچی …مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ، جاپان کے ڈپٹی قونصلر جنرل ISOMURAاوروائس قونصل جنرل Esuioshi hikitaنے گزشتہ روز ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور یہاں سیلاب متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ اس سے قبل ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان شعیب احمد بخاری ، مصطفی کمال اور سیف یار خان نے علمائے کرام اور جاپانی وفد کا خیر مقدم کیااور انہیں سیلاب زدگان کیلئے ملک بھر میں جاری امدادی اور طبی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ علمائے کرام کے وفد میں مولانا اسد دیو بندی، علامہ جعفر الحسن تھانوی ، علامہ سید اظہر حسین نقوی ، مولانا محمد رفیق،مولانا قاری مصباح الحق ، علامہ ظہیر عابدی ، علامہ عامر عبد اللہ محمدی اور مولانا محمد ناصر یامین شامل تھے ۔اس موقع پر علمائے کرام اور جاپان کے قونصلر جنرل نے سیلاب زدگان کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور اسے بڑا کار خیر قرار دیا ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام اور جاپان کے قونصلر جنرل کو خدمت خلق فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن سیلاب زدگان کیلئے نہ صرف کراچی ، بلکہ اندرون سندھ اور ملک بھر میں عوام کے تعاون سے بھر پور خدمات انجام دے رہا ہے اور اب تک کروڑوں روپے مالیت کا امدادی سامان اور ادویات متاثرین سیلاب تک پہنچائی جاچکی ہے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ایم کیوایم کا ہر شعبہ فعال کردار ادا کررہا ہے اور اس کے عملی کردار کو ہر مکتبہ فکر کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔دریں اثناء سندھ ٹیچر فورم کے ایک وفد نے قائد تحریک الطاف حسین کی اپیل پر سیلاب زدگان کی امداد کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں ایک ٹرک ، سوزوکی اور گاڑی پر مشتمل امدادی سامان جمع کرایا ۔ اس امدادی سامان کو ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین شعیب بخاری ، مصطفی کمال اور سیف یار خان نے وصول کیا اور سندھ ٹیچر فورم کے جذبے کی تعریف کی ۔ سندھ ٹیچر فورم کے وفد میں پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر خان ، پروفیسر ڈاکٹر نسرین ، اسلم شاہ اور عدیل احمد صدیقی شامل تھے ۔علاوہ ازیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید شعیب احمد بخاری نے کراچی میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفترسے مزیدٹرک امدادی سامان اورادویات لیکرسکھربیس کیمپ روانہ ہوگئے جہاں سے یہ امدادی سامان شکارپوراورکشمورکے متاثرین اورفیلڈاسپتالوں میں تقسیم کردیاجائے گا۔امدادی سامان میں غذائی اجناس آٹا، چاول، دالیں ،شکر،گھی ،تیل ،پینے کاصاف پانی ،کپڑے اورادویات وغیرہ شامل ہیں۔