5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
نوشہرہ:ایل آر ایچ بیس کیمپ میں 21خواتین کے بچوں کی پیدائش
جنگ نیوز -
نوشہرہ…نوشہرہ میں لیڈی ریڈنگ اسپتال کے طبی بیس کیمپ میں سیلاب زدہ 21 خواتین نے بچوں کو جنم دیا ۔لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رحیم جان آفریدی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ نوشہرہ کے سیلاب زدگان کیلئے طبی امدادی کیمپ میں ایل آرایچ کا42 رکنی عملہ پچھلے23 دنوں سے خدمات سرانجام دے رہا ہے اور اس دوران ساڑھے تیرہ ہزار سیلاب سے متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں سرجیکل،میڈیکل،جلدی،ناک،گلہ ،آنکھ،کان،زچہ بچہ،سینہ اور نفسیات کے شعبوں میں ماہرڈاکٹرز علاج کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔ تاہم ساٹھ فیصد مریضوں کا تعلق ہیضہ،آشوب چشم اور پیٹ کی بیماریوں سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمبولینس سروس کے ذریعے مریضوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دی جارہی ہے۔