5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
چیف جسٹس پنجاب میں ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لیں،پاکستان بار
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . پاکستان بار کونسل کی انسانی حقوق کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب پولیس کی جانب سے ماورائے عدالت قتل واقعات کا نوٹس لے کر اس کلچر کو ختم کرائیں۔ پاکستان بار کونسل کی انسانی حقوق کمیٹی کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں مختلف قرار دادیں منظور کی گئیں، ایک قرار داد میں سیال کوٹ میں دو بھائیوں کی تشدد سے ہلاکت کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماوورائے عدالت قتل کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے ، دوسری قرار داد میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ کو انسانی ہمدری کی بنیاد پر رہا کیا جائے اور ان کی رہائی میں امریکن بار ایسوسی ایشن کردار ادا کرے ، پاکستان بار کی کمیٹی نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زکواة کی مد میں بیت المال کے اکھٹے ہونے والے فنڈز کوسیلاب متاثرین کی مدد پر مختص کردیا جائے۔