5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو ڈھائی کروڑ روپے کی رقم جاری کردی گئی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . اسٹاف رپورٹر… وزارت کھیل کی جانب سے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو ڈھائی کروڑ روپے کی رقم جاری کردی گئی ہے جسے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹورنامنٹ کے دوران کام کرنیوالے لوگوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ دودا خان بھٹو کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال کے اوائل میں ہونے والے کامیاب ترین شہد بینظیر باکسنگ ٹورنامنٹ میں دنیا کی 100 سے زائد باکسروں نے شرکت کی تھی۔ اس کا سارا خرچہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے برداشت کیا تھا۔ حکومت نے پہلے مرحلے میں دو کروڑ تین لاکھ روپے کی رقم جاری کی تھی جو انتہائی ناکافی تھی۔ خرچہ بڑھ جانے پر ہم نے حکومت سے مزید رقم کا مطالبہ کیا اور سارے شواہد پیش کئے۔ اپنے سارے حسابات آڈیٹر جنرل پاکستان سے آڈٹ کرائے ان کی ٹیم نے باقاعدہ ہمارے سارے خرچہ کا ریکارڈ آڈٹ کیا۔ رواں ماہ اگست میں حکومت کی جانب سے اس مد میں ڈھائی کروڑ روپے کی دوسری قسط جاری کردی گئی ہے جس کو ہم نے مقامی ہوٹل، ٹورنامنٹ کا انتظام کرنیوالے ادارے، ٹریول ایجنٹ، منی ایکسچینج اور دیگر لوگوں کو دیکر حساب بے باق کردیا ہے۔ دودا خان بھٹو نے مزید بتایا کہ ملک میں کھیل کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو باکسنگ ٹورنامنٹ پاکستان کی تاریخ کا کامیاب ترین ٹورنامنٹ تھا، مستقبل میں بھی بڑے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرائیں گے۔