5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
دودا بھٹو میرے لئے30لاکھ روپے انعام کا اعلان کرکے مکر گئے، حسین شاہ
جنگ نیوز -
کراچی . . . . شکیل یامین کانگا… اولمپکس میں پاکستان کو برانز میڈل دلانے والے حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو نے میری خدمات کے اعتراف میں 30 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اب وہ اس بات سے مکر رہے ہیں، باکسنگ فیڈریشن صحیح خطوط پر کام نہیں کررہی، ان کے پاس ملک میں باکسنگ کی ترقی کیلئے کوئی ایسی حکمت عملی نہیں ہے جس سے ملک کے ذہین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لایا جاسکے۔ ملک کا پیسہ برباد کیا جارہا ہے۔ فیڈریشن کی صدارت حاصل کرکے اور پیسے کی خورد بردکرکے بھٹو خاندان کو بدنام کیا جارہا ہے۔ اس بات کا اظہار پاکستان کے سابق شہرت یافتہ باکسر حسین شاہ نے جاپان کے شہر ٹوکیو سے ٹیلی فون پر نمائندہ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ حسین شاہ نے بتایا کہ شہید بینظیر بھٹو باکسنگ ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے فیدریشن نے مجھے بلایا تھا۔ ٹورنامنٹ کے بعد وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں بھی مجھے اپنے ساتھ لیجایا گیا تاکہ انہیں بتایا جاسکے کہ پاکستان کے نامی گرامی باکسرز بھی ہمارے ساتھ ہیں اور حکومت سے پیسہ حاصل کیا جاسکے۔ میں نے دودا خان سے کہا تھاکہ میں نے باکسنگ میں پاکستان کیلئے بے انتہا خدمات انجام دیں اور اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے واحد برانز میڈل بھی جیتا، لیکن میری خدمات کا اعتراف نہیں کیا گیا جس پر دودا خان بھٹو نے کہا کہ ہم آپ کیلئے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کریں گے جس میں پاکستان بھر کے لوگ شامل ہوں گے اور آپ کو 30 لاکھ روپے بطور خدمات انعامی رقم بھی فیڈریشن کی جانب سے دی جائے گی۔ حسین شاہ نے مزید بتایا کہ موجودہ عہدیدار اب اس بات سے مکر رہے ہیں، وہ کھانے کمانے میں لگے ہوئے ہیں۔ حکومت کا پیسہ بری طرح برباد کیا جارہا ہے۔ ذاتی پسند پر کھلاڑیوں کو منتخب کیا جارہا ہے۔ ملک کے ذہین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو نے جنگ کو بتایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹورنامنٹ کے دوران ہم نے انہیں بلا کر عزت دی۔ انہیں وزیراعظم سے ملوایا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں پی ایس بی اور حکومت سے بات کرکے 30 لاکھ روپے انعامی رقم دلوانے کیلئے کہا لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں آرہا ہم انہیں کہاں سے پیسے دیں۔ حد تو یہ ہے کہ موجودہ باکسروں کیلئے ہم مدد کرنے سے قاصر ہیں،وہ غربت کے باعث اپنے میڈلز بیچنے پر مجبور ہیں۔ حسین شاہ تو پھر بھی جاپان میں باعزت طریقے سے نوکری کررہے ہیں۔ ہم نے نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی میں بنائے جانے والے نئے باکسنگ جم کو حسین شاہ کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈریشن کو 20 لاکھ روپے سالانہ ملتے ہیں ہم انہیں کیسے 30 لاکھ روپے دے سکتے ہیں۔