5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ڈیرہ الہ یار،متاثرین سیلاب کی بڑی تعداد وبائی امراض کا شکار
جنگ نیوز -
جعفر آباد…جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ الہ یار میں سیلاب کے بعد پانی کھڑا ہونے کے باعث متاثرین بڑی تعداد میں مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں،جب کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث علاقے میں خوراک اور دواؤں کی قلت پیدا ہوتی جارہی ہے۔گنداخا،ڈیرہ الہ یار، روجھان جمالی اور صحبت پور میں پانی کی سطح کم ہوتی جارہی ہے مگر ڈیرہ الہ یار کے شہری علاقوں میں اب بھی چھ فٹ اور نشیبی علاقوں میں تیرہ سے پندرہ فٹ پانی موجود ہے جس کی وجہ سے علاقے میں ہیضہ اور دیگر وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ڈیرہ الہ یار بائی پاس پرمزید چاربچے ہیضے میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعدادساٹھ ہوگئی۔جعفرآباد اور ڈیرہ الہ یار میں زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث علاقے میں خوراک اور دواؤں کی قلت پیدا ہوتی جارہی ہے۔دوسری جانب جعفرآباد سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں محصور سندھ کے متاثرین سیلاب کونکالنے کاکام آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔