5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
کراچی میں ٹریول ایجنٹ اور ڈکیٹ گروہ کے2ملزمان گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . کراچی فیروز آباد پولیس نے95 لاکھ کے فراڈ میں ملوث ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ عزیزآباد پولیس نے ڈکیت گروہ کے2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق فیروز آباد پولیس نے ڈسٹرکٹ ملیر کی عدالت سے مفرور ملزم محسن غیور کو بلوچ کالونی پل کے قریب سے کار میں جاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ملزم محسن غیور کے خلاف مدعی ملک شعیب نے95 لاکھ روپے کا چیک باؤنس ہونے پر ایف آئی آر نمبر173/09 درج کرائی تھی۔ پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم ٹریول ایجنٹ ہے اور اس نے مدعی شعیب ملک کو95 لاکھ روپے ادا کرنے تھے جس پر اس نے چیک دیا جو باؤنس ہوگیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ پولیس ملزم سے مزید تفتیش کررہی ہے، عزیز آباد پولیس نے ایک اطلاع پر کریم آباد کے قریب چھاپہ مارکر ملزمان ذیشان اور فراز علی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے2 پستول برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے مزید ایک پستول برآمد کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق ڈکیت گروہ سے ہے اور ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے۔