5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
متوسط طبقے کا انقلاب دروازے پر دستک دے رہا ہے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کا انقلاب پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے لہٰذادکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے کارکنان عوامی انقلاب کیلئے بھی ذہنی وجسمانی طورپر تیار رہیں۔ سکھر میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم فیلڈ میڈیکل اسپتال میں رابطہ کمیٹی اور دیگر اراکین سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ خلق خدا کی بے لوث خدمت سب سے بڑی عبادت ہے ۔ انسان کہلانے کا وہی حقدار ہے جو دوسروں کے دکھ اور درد کو اپنا سمجھتا ہے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ جاگیرداروں اور وڈیروں نے اپنی زمینیں بچانے کیلئے حفاظتی پشتے توڑ کر غریب کسانوں کو انکے گھر اورعمر بھر کی جمع پونجی سے محروم کردیا ۔انہوں نے کہاکہ انشا اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب غریب عوام کو قدرتی آفت کا نشانہ بنانے والے جاگیردار وں اور وڈیروں کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔