5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
چودھری ظہیر کا صوبائی حکومت پر فلڈ ریلیف کے سامان میں گھپلوں کا الزام
جنگ نیوز -
لاہور… پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری ظہیرالدین خان نے الزام عائد کیا ہے کہ فلڈ ریلیف میں بھی پنجاب کے حکمران کرپشن اور اقربا پروری سے باز نہیں آئے اورامدادی سامان کی خریداری میں وہ اپنے چہیتوں کے ذریعے اربوں روپے کے گھپلے کر رہے ہیں۔یہ الزام انہوں نے متاثرین سیلاب کی امداد کے سلسلہ میں لاہورمیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لگایا،چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ پنجاب حکومت فلڈ ریلیف کمشنر کے ذریعے40 ہزار خیموں کی جو خریداری کر رہی ہے اس کے لئے خواجہ حسان اور پرویز ملک کی چٹوں کے ذریعے مخصوص مینوفیکچررز کو خیموں کا آرڈر دیا جا رہا ہے،انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ مارکیٹ میں6 ساڑھے چھ ہزار روپے میں ملنے والے ٹینٹ کی قیمت ساڑھے8 ہزار روپے ادا کی جا رہی ہے،جبکہ پنجاب حکومت نے وفاق سے ٹینٹوں کی برآمد پر بھی پابندی لگوا دی ہے۔