5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پی پی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
جنگ نیوز -
لاڑکانہ …لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کی گاڑی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بازار اور دکانیں بند کرادیں ۔ذرائع کے مطابق غنویٰ بھٹو نیو جنرل بس اسٹینڈ لاڑکانہ میں متاثرین سیلاب میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے بعد گھر جارہی تھیں ۔ رائس کینال پل پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ تاہم غنوی بھٹو اور ان کے ساتھی محفوظ رہے۔ واقعے کی اطلاع پر حیدرآباد ، لطیف آباد، قاسم آباد ، جام شورو، دادو اور نوشہروفیروز میں نامعلوم مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے بازار اور دکانیں بند کرادیں ۔ ذرائع کے مطابق دادو میں شہید بھٹو گروپ کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے امدادی کیمپ کو آگ لگادی۔ حیدرآباد کے علاقے ہٹڑی میں سپاف کے مرکزی رہنما سہراب مری پر مبینہ فائرنگ کے خلاف کارکنوں نے دھرنا دیا ۔ دوسری جانب سپاف لاڑکانہ کے ضلعی صدر عبدالغنی جتوئی نے الزام عائد کیا ہے کہ شہید بھٹو گروپ کے کارکنوں نے فائرنگ کرکے ان کے چار افراد کو زخمی کردیا ہے ۔