تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

فوج کو مارشل لا کی دعوت دینا ملک کیلئے نقصان دہ بات ہے،پرویز اشرف

جنگ نیوز -
وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ فوج کو مارشل لا کی دعوت دینا ملک و قوم کے لئے نقصان دہ بات ہے۔ آج جو لوگ اپنی فوج کو اقتدار کے حصول کے لئے دعوت دے رہے ہیں وہ کل کو کسی اور ملک کی فوج کو بھی بلا سکتے ہیں۔ فوج نہیں چاہتی کہ اسے سیاست میں گھسیٹا جائے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز کے نمائندے فیض پراچہ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایم کیو ایم جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی حکومت کا حصہ تھی اور جنرل مشرف سے مطالبہ کیا جاتا کہ جاگیرداروں سے حصہ لے کر غریبوں میں بانٹ دو تو کوئی بات بھی بنتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا راستہ روکا گیا تو یہ پاکستان کی بقا کے ساتھ کھیلنے کی سازش ہے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ فوج کی موجودہ قیادت نے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ قوم سیلاب سے نمٹنے میں متحد ہو،نہ کہ اس وقت ایسی باتیں کی جائیں جن سے قوم میں انتشار پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ دو ڈھائی سال پہلے بھی تو مارشل لا تھا ملک میں، سارے معاملات ٹھیک کیوں نہیں ہوئے۔ انہوں نے الطاف حسین سے مطالبہ کیا کہااپنے بیان پر نظر ثانی کریں ۔ وزیر پانی وبجلی کا کہنا تھا کہ جمہوریت ایک مسلسل عمل ہے اور عوام ہی ہمارے غلط یاصحیح ہونے کا احتساب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دو بڑی جماعتیں ہیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز، اور دوجماعتی سیاسی نظام کو مضبوط کرنا چاہیئے۔ چھوٹی پارٹیاں اپنی سیاست کریں لیکن اگر وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں تو وہ فوج کو کہیں کہ عوام کی مرضی چھوڑکر خود انتظام سنبھالیں اور ہمیں حکومت بنانے دیں تو یہ تو سسٹم کو ہی ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ جو لوگ آج فوج کو دعوت دے رہے ہیں وہ کل کسی اور کی فوج کے پاس چلے جاتے ہیں تو یہ تو کوئی بات نہ ہوئی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.