5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے،شہباز شریف
جنگ نیوز -
لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کوتاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، میاں نواز شریف کے فارمولے کو نظرانداز کر کے وفاقی حکومت نے متاثرین کے ساتھ خود کوبھی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے یہ باتیں استنبول کے ڈپٹی مئیر اسماعیل حقی کی قیادت میں ان سے ملنے والے وفداوردیگر سے ملاقات میں کہیں ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ فصلیں تباہ اور کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے تاہم متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں اور اس امتحان میں سرخرو ہونگے. میاں شہباز شریف نے بتایا کہ میاں نواز شریف اوروہ خود عید الفطر سیلاب زدگان کے ساتھ منائیں گے۔ترک وفد کا کہنا تھا کہ ترکی کے160 تاجر بھی متاثرین سیلاب کے ساتھ عید منائیں گے جبکہ دیگر طبی سہولتوں کے ساتھ موبائل اور فیلڈ اسپتال بھی فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سے مختلف شخصیات نے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں سیلاب متاثرین کیلئے21 لاکھ روپے کے چیک پیش کئے۔