5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
لندن :میچ فکسنگ اسکینڈل میں زیر حراست مظہر مجید ضمانت پر رہا
جنگ نیوز -
لندن ... میچ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار مظہر مجید کو برطانوی پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا۔مظہر مجید کو ہفتے کے روز برطانوی پولیس نے لارڈز ٹیسٹ فِکس کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اسکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی ٹیم کو لندن بھجوانے کا حکم دے دیا۔ فرانسیسی خبر ایجنسی نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینتیس سالہ مظہرکو بغیر کوئی الزام عاید کیے ضمانت پر رہا کردیا گیاہے۔ اس کی ضمانت کب تک موثر ہے اور ضمانت کن شرائط کے تحت دی گئی ہے۔ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ مظہر مجید میچ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو تفتیش کیلئے دوبارہ طلب کیاجائے گا۔اسلام آباد میں وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو میچ فکسنگ اسکینڈل کی فوری طور پر تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم کو لندن بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملک کے وقارکونقصان پہنچانے اور قوم کے جذبات سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہناہے کہ میچ فکسنگ کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اورسازش سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔جس کے لیے ایف آئی اے کو انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔