5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کے32ایڈہاک ججز کو عبوری ریلیف دے دیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . . . . سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کے32ایڈ ہاک ججز کو عبوری ریلیف دے دیا۔اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ 18ویں ترمیم کیس کا فیصلہ ہونے تک تمام ایڈ ہاک ججز اپنی موجودہ پوزیشن پر کام کرتے رہینگے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ میں 18ویں آئینی ترمیم کے مقدمہ کی سماعت کے دوران ججوں نے ریمارکس میں بلوچستان ہائی کورٹ میں متعین ججوں کی ختم ہوتی مدت کے باوجود حکومت کی طرف سے اقدام نا کیئے جانے کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سپریم کورٹ بار کے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل میں مطالبہ کیا کہ آرٹیکل 175 اے معطل کرکے اس پر حکم امتناعی جاری کیا جائے ، یا حکومت کو ہدایات کی جائے کہ ہائی کورٹ کے ایڈہاک ججز کی ختم ہوتی مدت کو توسیع دی جائے ، رشید اے رضوی نے اس بارے میں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا خط پڑھ کرسنایا اس کے مطابق ، ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین جرائم کے مقدمات بلوچستان ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں اور ایسے موقع پر ہائی کورٹ کا غیرفعال ہوجانا ، صوبے کے عوام کے حقوق کی خلاف ہوگا ، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ، بہتر ہوتا کہ یہ خط ، 2 ہفتے قبل لکھ دیا جاتا ۔ بعد ازاں عدالت نے اس ایشو پر اٹارنی جنرل کو آج ہی وفاق سے ہدایات لے کر جواب ، عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔