5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلابی صورتحال میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،گورنر سندھ
جنگ نیوز -
کراچی … فرقان احمد یوسفی … چیف اسکاؤٹ و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قوم کو پیش آنے والے اس امتحان کی گھڑی میں اسکاؤٹس تحریک سے وابستہ نوجوان ہی مثالی کردار ادا کرسکتے ہیں قوموں کی زندگی میں ایسے امتحان آتے رہتے ہیں جس سے اسکاؤٹس ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سرخرو ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں گورنر ہاؤس میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ارکان کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹ تحریک وہ تنظیم ہے جسے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے لیڈ کیا۔اور اس تحریک کا انسانی خدمات کا جذبہ آج بھی پروان چڑھ رہا ہے، خوش آئند امر یہ ہے کہ اسکاؤٹس اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد کے لئے متحرک ہیں اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ اسکاؤٹس اپنے جذبہ اور تجربہ کو دوسروں تک پہنچائیں تاکہ ہم سب متحد ہوکر اس صورت حال سے نبردآزما ہوسکیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اب ریلیف ورک کی ضرورت ہے جس میں اسکاؤٹس کو اپنا بھرپور طریقہ سے کردار ادا کرنا ہوگا اور امدادی عمل کو ہر مصیبت زدہ تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد اور صحت و صفائی میں اسکاؤٹس اہم رول ادا کر سکتے ہیں اسکاؤٹس کو چاہئے کہ مربوط انداز میں دیگر فورسز بالخصوص صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں تربیت کی بھی ضرورت ہے تاکہ کیمپ کو منظم کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے متاثرہ علاقوں میں متعدد اسکولز پانی میں بہہ گئے ہیں تاہم تعلیم کا یہ سلسلہ بند نہیں ہونا چاہئے اور سیلاب زدگان کیمپوں میں تعلیم کے اس سلسلے کو جاری و ساری رکھا جائے۔ اسکاؤٹس کو ریلیف کیمپوں میں خوراک اور صحت کی فراہمی کا انتظام موثر انداز میں چلانے کے ساتھ ساتھ تعلیم کی فراہمی کا سلسلے میں اپنا کردار ادا کرکے یہ کام احسن طریقے سے انجام دیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجنمٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر فنانس عفت ملک نے صوبہ سندھ کی سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ قبل ازیں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صوبائی کمشنر پروفیسر انوار احمد زئی نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی سیلاب کے حوالے سے کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جبکہ اعزازی صوبائی سیکرٹری حسن فیروز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔