5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
صدر اوباما آج عراق میں فوجی مشن کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان کرینگے
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . . . . . . صدر باراک اوباما آج عراق میں امریکی فوج کا لڑاکا مشن ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ساڑھے سات سال پہلے اُس وقت کے امریکی صدر بش کی مسلط کردہ بدنام جنگ کا خاتمہ اوباما کے انتخابی منشور کا اہم حصہ رہا ہے۔صدر اوباما عراق سے لڑاکا فوج کا انخلا مکمل ہونے اور جنگی مشن کے خاتمے کا اعلان اوول آفس، وائٹ ہاؤس سے قوم سے اپنے ٹیلے ویژن خطاب میں کریں گے۔ اس سے پہلے وہ ٹیکساس کے فورٹ بلِس کے فوجی اڈے کے دورے میں عراق سے وطن لوٹنے والے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔ اوباما اپنے پیشرو جارج بش کو ٹیلے فون کال بھی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔عراق میں امریکا نے لڑاکا مشن ختم کرتے ہوئے فوج کی تعداد پچاس ہزار سے کم کردی ہے۔ جو اب صرف عراقی فورسز کو مشاورت، معاونت اور تربیت فراہم کرنے کے علاوہ تعمیر نو کے منصوبوں کی حفاظت اور ان میں تعاون کرینگی۔عراق سے اگلے سال کے آخر تک تمام امریکی فوج نکال لی جائیں گی۔ اس طرح صدر اوباما کا جنگ کے خاتمے وہ وعدہ پورا ہوجائیگا جو انہوں نے صدارتی مہم کے دوران کیا تھا۔