5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
میچ فکسنگ:پاکستان کیخلاف سازش کا پہلو بھی مد نظر ہے، رحمن ملک
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ سے متعلق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ آنے کے بعد ہماری ٹیم تحقیقات کریگی۔ کراچی میں وفاقی وزیر کھیل اعجاز جکھرانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکاٹ لینڈ یارڈپولیس کی رپورٹ کا انتظار کریں، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کیلئے لکھا ہے اور ان سے تحقیقاتی رپورٹ مانگی ہے۔ ویڈیو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وڈیو جعلی بھی ہوسکتی ہے ، اگر کوئی کھلاڑی ملوث پایاگیا تو اس کیخلاف کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کھیل اعجاز جکھرانی نے کہا کہ یہ واقعہ کرکٹ سے لگاو رکھنے والوں کیلیے دکھ کا باعث ہے، اس وقت ہمیں کسی نئی ٹیم کو لندن بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ اس اسکینڈل میں پاکستان کے خلاف سازش کا پہلو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اور اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی پولیس تحقیقات میں تعاون کرسکتی ہیں۔