5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
اسکاٹ لینڈیارڈ نے صرف تحقیقات کیں،کوئی چارج نہیں لگایا،پاکستانی ہائی کمیشن
جنگ نیوز -
لندن …لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے میچ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی کھلاڑیوں سے صرف تفتیش کی ہے، اور اب تک کوئی چارج نہیں لگایا گیا ہے۔ ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ٹیم کو واپس بلایا جارہا ہے یا مشتبہ کھلاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کی منسوخی اور کسی کھلاڑی کے ڈراپ کی جانے کی اطلاعات میں بھی کوئی صداقت نہیں۔ اور چونکہ معاملہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے زیر تفتیش ہے اس لیے ایف آئی اے کی کسی ٹیم کے لندن بھیجے جانے کا بھی سوال نہیں اٹھتا۔ بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ کسٹمز نے خاتون سمیت جن تین افراد کو گرفتار کیا ہے ان پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور معاملے کا حالیہ کرکٹ بحران سے کوئی تعلق نہیں۔ہائی کمیشن کاکہنا ہے کہ اسکینڈل کے حوالے سے کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا اس لئے میڈیا قیاس آرائی سے گریز کرے۔