5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سندھ، بلوچستان شاہراہ کی بحالی ایف ڈبلیو او کے سپرد
جنگ نیوز -
کراچی . . . صوبائی وزیر ایکسائیزاینڈ ٹیکسیشن محمد امین عمرانی نے کہا ہے کہ سندھ ۔ بلوچستان بین الصوبائی شاہراہ کی بحالی کے لئے فرنٹئر ورکس آرگنائیزیشن کی خدمات حاصل کرلی گئیں ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار ایک بیان میں کیا ۔صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ شاہراہ کی تعمیر و بحالی کے لئے سائٹ پر بھاری مشینری پہنچادی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ محکمے کی کوشش ہے کہ راستے جلد بحال کر دیے جائیں تاکہ متاثرین اپنے گھروں میں عید منائیں ۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی دوبارہ تعمیرات کے علاوہ محکمہ ایکسائیز و ٹیکسیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین ایک ہزار خاندانوں کے لئے چار ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان و اشیائے خوردونوش نصیرآباد و جعفرآباد روانہ کردی گئیں ہیں ۔ صوبائی وزیر ایکسائیزاینڈ ٹیکسیشن محمد امین عمران کا کہنا ہے کہ سندھ سے تقریبا آٹھ لاکھ سیلاب سے متاثرہ آئی ڈی پیز نے نصیرآباد اور جعفرآباد میں پناہ لے رکھی ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں کوئٹہ کے مختلف امدادی کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔