5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب سے شدت پسند فائدہ اٹھا سکتے ہیں، نک کلیگ
جنگ نیوز -
سکھر . . . برطانوی نائب وزیراعظم نک کلیگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جائیں گے اور پاکستان کو کئی سال تک عالمی مدد درکار ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کا ردعمل بہت سست ہے۔سکھر اور گردو نواح میں متاثرین سیلاب کے امدادی کیمپس کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نک کلیگ نے کہا کہ انھوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے تباہی کا اندازہ لگایا ہے جو کہ بہت زیادہ ہے،انھوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد بیماریاں پھیلنے کے علاوہ موقع پرست انتہا پسند عناصر کی جانب سے بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ برطانوی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان مشکلات پر قابو پانا بہت مشکل ہوگا کیونکہ اس کے اثرات بہت دیرپا ہوں گے،انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امداد کے لیے بین الاقوامی برادری کا ردعمل بہت سست ہے اور خبردار کیا کہ اس موقع پر لوگوں کو امداد فراہم کرکے انتہا پسند گروپ لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔نک کلیگ نے برطانوی حکومت اور عوام کی جانب سے عطیات کو سراہا اور کہا کہ ضروری ہنگامی امداد جاری رکھنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔نہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑے میں حکومت برطانیہ اوربرطانوی عوام پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔