5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب سے43ارب ڈالر کا نقصان ہوا، وزیر اعظم گیلانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بعض اندازوں کے مطابق سیلاب سے ملکی معیشت کو 43 ارب ڈالرز تک نقصان ہو سکتا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 9.5 فیصد ہدف سے بڑھ کر 15 سے 20 فیصد تک ہو جائے گی اور ملک میں سبزیاں،دودھ،گوشت،مصالحہ جات،گندم،چاول اور چینی کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔وزیر اعظم نے یہ باتیں اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں بدترین سیلاب کی وجہ سے لوگ بے روزگار اور ہزاروں خاندانوں کی آمدنی متاثر ہو سکتی ہے۔رواں سال ترقی کی شرح کا ہدف 4.5 فیصد تھا جو اب کم ہو کر 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں فوڈ سیکیورٹی کو بھی خطرہ ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے ایک سے تین ماہ میں ملک میں سبزیاں،دودھ،گوشت اور مصالحہ جات مہنگے ہوں گے جبکہ آئندہ فصلوں کی کٹائی تک ملک میں گندم،چاول اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا،وزیرا عظم نے بتایا کہ بجٹ خسارہ 4.5 فیصد کے ہدف کی بجائے 6 سے 7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے،انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے 95 کروڑ 37 لاکھ ڈالرز امداد کے وعدے کئے،حکومت کو موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے ترجیحات ازسر نو مرتب کرنا اور اخراجات کم کرنا ہوں گے،وزیر اعظم نے کہا کہ ریلیف آپریشن 30 اکتوبر کی بجائے چھ ماہ چلے گا جبکہ عالمی بنک اور اے ڈی بی 30 ستمبر تک نقصانات کا تخمینہ لگا لیں گے جس کے بعدحکومت تمام بیرونی و اندرونی وسائل کو فعال کرتے ہوئے یکم دسمبر سے متاثرین کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کا منصوبہ شروع کرے گی،وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت دیامر بھاشا ڈیم سمیت چھوٹے اور درمیانے ڈیمز ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرے گی۔