5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
انقلاب کے بعد جاگیرداروں کولبرٹی چوک میں لٹکایا جائیگا،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں انقلاب برپا ہونے کے بعد جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں کو لاہور کے لبرٹی چوک میں لٹکایا جائے گا۔لاہور کے علاقے لبرٹی چوک میں ایم کیو ایم کے امدادی کیمپ میں کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان میں فرانس کی طرز کا ایسا انقلاب لایا جائے گا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جسے غدار کہا جاتا تھا وہی الطاف حسین پاکستان کو قائداعظم،لیاقت علی خان اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے افکار کا عملی نمونہ بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد ظالم حکمرانوں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے بارے میں ایم کیو ایم کا موقف سمجھ چکی ہے۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وکلا،نوجوان اور طلبہ ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہو چکے ہیں اور پنجاب میں ان کی جماعت کو کوئی آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ، انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عیدالفطر پر سیلاب زدگان کے بچوں کے تن پر کپڑے دیکھنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے راہنما سیف یار حسین،آصف حسین،افتخار رندھاوا اور شاہین گیلانی اور ہدایتکارہ سنگیتابھی موجود تھیں۔