5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پیپکو نے سرکاری اداروں سے 130ارب روپے وصول کرنے ہیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پیپکو نے سرکاری اداروں سے ایک سوتیس ارب روپے جبکہ نیسپاک نے تین ارب 20 کروڑ روپے کے واجبات وصول کرناہیں۔ یہ بات ایم ڈی پیپکو اور ایم ڈی نیسپاک نے چودھری نثار علی کی صدارت میں ہونے والے پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے اجلاس کوبتائی ۔ ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ نے کمیٹی کر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں 13 لاکھ 20 ہزار بجلی چور پکڑے گئے۔ایم ڈی نیسپاک نے پی اے سی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیسپاک نے مختلف سرکاری اداروں سے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے واجبات لینا ہیں اور اگر بقایا جات نہ ملے تو 2 ماہ بعد نیسپاک کے ملازمین کو تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں ہوں گے۔ پبلک اکاوئنٹس کمیٹی نے چئرمین سینٹ و ڈپٹی چیرمین اور ان کے اہل خانہ کے زیر استعمال اضافی سرکاری گاڑیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور سینٹ سیکرٹیریٹ کو ہدایت کی کہ ایک ماہ میں اس معاملے کو ریگولرائز کرے، ورنہ پی اے سی اضافی گاڑیوں کی ریکوری کا حکم دے گی ۔ اجلاس میں وزارت سرمایہ کاری بورڈ، وزارت پانی و بجلی ، بین الصوبائی رابطہ اور سینٹ سیکرٹریٹ کے 2008-2007کے آڈٹ پیراز پر اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔