5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
الطاف حسین کی لاہور میں بم دھماکوں کی شدید مذمت
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لاہورمیں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہ کے جلوسوں میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان کے نتیجے میں متعددافرادکے جاں بحق وزخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیا ہے۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے جاری ایک بیان کے مطابق الطاف حسین نے کہاکہ آج لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہ کے سلسلے میں نکلنے والے جلوسوں پر درندہ صفت دہشت گردوں نے حملے کرکے جس طرح عزادارنوجوانوں، بزرگوں، عورتوں اورمعصو م بچوں کو خاک وخون میں نہلایاہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔درندگی کایہ واقعہ اس بات کاثبوت ہے کہ درندہ صفت سفاک دہشت گرد اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں اورملک وقوم کونقصان پہنچاناچاہتے ہیں۔ معصوم شہریوں خصوصاًبچوں،خواتین ،بزرگوں کو خاک وخون میں نہلانے والے دہشت گردانسانیت کے کھلے دشمن ہیں اورایسے انسانیت دشمن عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔الطاف حسین نے لاہورمیں بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونیوالوں کواپنی جواررحمت میں جگہ دے ۔انہوں نے زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے بھی دعاکی ۔الطاف حسین نے کراچی میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب یوم علی کے جلوس پرمسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی بھی شدیدمذمت کی۔الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاہوراورکراچی میں ہونیوالے دہشت گردی کے ان مذموم واقعات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔